بابر اور رضوان کی کلاس میں بیٹھنے کی تصاویر وائرل

image

پاکستانی کپتان اور وکٹ کیپر امریکہ میں موجود، بابراعظم اور محمد رضوان ہارورڈ یونیورسٹی کے ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کرنے والے پہلے پروفیشنل کرکٹرز ہیں، یو ایف سی چیمپئن فرانس نگانو نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔

شکاگو: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل فارمیٹ کپتان بابراعظم اور وکٹ کیپر اور بلے باز محمد رضوان کی کلاس میں شرکت کی مزید تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔ دونوں کرکٹرز اس وقت امریکہ میں ہارورڈ بزنس اسکول کےایگزیکٹو ایجوکیشن کے پروگرام سمیت مختلف تقریبات میں حصہ لے رہے ہیں۔ بابر اور رضوان نے یونیورسٹی کے بزنس آف انٹرٹینمنٹ، میڈیا اینڈ اسپورٹس (بی ای ایم ایس) پروگرام میں داخلہ لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کلاس میں شرکت کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر گردش کیے جانے کے بعد مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصروں کے ساتھ ساتھ میمز بھی بنائی جارہی ہیں۔ ایک ویڈیو کلپ میں دونوں کو کلاس میں یو ایف سی کے فرانسس نگانو کو سنتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ بابراعظم اور محمد رضوان ہارورڈ یونیورسٹی کے ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کرنے والے پہلے پروفیشنل کرکٹرز ہیں۔

یاد رہے کہ بابر اور رضوان 31 مئی سے 3 جون تک ہارورڈ یونیورسٹی ایجوکیشن پروگرام میں شرکت کریں گے۔ پروگرام کا مقصد انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اور حالات حاضرہ کے درمیان وقتی تناسب قائم کرنا ہے۔ دونوں قومی کرکٹرز کی تصاویر سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں اور مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کئے جا رہے ہیں۔