امریکہ میں پروفیشنل فائٹس جیتنے کے بعد کک باکسر شاہ زیب رند کا کوئٹہ واپسی پر بھرپور استقبال

image

شاہ زیب نے ہیوی فائٹ جیتی، شاہ زیب رند نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، میرا اگلا ٹارگٹ ورلڈ ٹائٹل ہے، رواں ماہ ماریشس میں ہونے والے 4 ملکی ٹورنامنٹ اور بھارت میں ہونے والے ساف کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی فٹبال ٹیم تاحال حکومتی اجازت کی منتظر ہے۔

کوئٹہ: (اسپورٹس ڈیسک) کک باکسر شاہ زیب رند امریکہ سے پروفیشنل فائٹس جیتنے کے بعد کوئٹہ واپس پہنچ گئے جہاں ان کا بھرپور استقبال کیا گیا۔ کوئٹہ ایئرپورٹ پر ترجمان وزیرِ اعلیٰ بلوچستان بابر یوسفزئی اور محکمہ کھیل کے حکام نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ شاہ زیب رند نے پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا، شاہ زیب نے ہیوی فائٹ جیتی۔

تین بار پاکستان کے قومی ووشو چیمپئن شاہ زیب رند نے دورۂ امریکہ کے حوالے سے کہا کہ امریکہ کا ٹور اچھا رہا۔ انہوں نے کہا کہ دو پروفیشنل فائٹس آج تک کسی نے نہیں جیتیں، میرا اگلا ٹارگٹ ورلڈ ٹائٹل ہے۔ شاہ زیب رند نے کہا کہ پہلے حکومت نے سپورٹ نہیں کیا تھا امید ہے اب کرے گی، میں بلوچستان کے نوجوانوں کو سپورٹ کرنا چاہتا ہوں۔ شاہ زیب رند نے صرف چار سال کی عمر میں مارشل آرٹ کی مشق شروع کی اور اس نے 70 سے زائد فتوحات حاصل کیں۔

 شاہ زیب نے 6 ستمبر 2019ء کو اپنا پروموشنل ڈیبیو کیا اور عالمی اسٹیج پر قدم رکھا۔ ترجمان وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ شاہ زیب رند پاکستان اور بلوچستان کا فخر ہیں، وزیرِ اعلیٰ کی مکمل ہدایات ہیں کہ شاہ زیب رند کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے۔ دوسری جانب رواں ماہ ماریشس میں ہونے والے 4 ملکی ٹورنامنٹ اور بھارت میں ہونے والے ساف کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی فٹبال ٹیم تاحال حکومتی اجازت کی منتظر ہے۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کو 8 جون کو ماریشس روانہ ہونا ہے جہاں سے ٹیم براہِ راست بھارت جائے گی۔ ٹیم کو دونوں ایونٹس میں شرکت کیلئے اب تک عدم اعتراض سرٹیفکیٹ (این او سی) نہیں مل پایا ہے۔ پی ایف ایف نے مئی کے تیسرے ہفتے میں تمام دستاویزات پاکستان اسپورٹس بورڈ کو بھجوا دی تھیں۔