بین اسٹوکس نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا

image

بین اسٹوکس نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا، کپتان بین اسٹوکس نے میچ میں بغیر بولنگ، بیٹنگ اور کیپنگ کیے ٹیسٹ میچ جیتا، انگلش ٹیم نے ٹیسٹ میچ اور سیریز اپنے نام کرلی۔

لارڈز: (سپورٹس ڈیسک) یکم جون کو انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان سیریز کا واحد ٹیسٹ میچ  ہوم آف کرکٹ لارڈز میں کھیلا گیا، جو تیسرے دن انگلش ٹیم کی جیت کے ساتھ ختم ہوا۔ انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ آئرلینڈ نے دعوت قبول کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 172 رنز بنائے، انگلینڈ کی جانب سے اسٹورٹ براڈ نے 5 اور جیک لیچ نے 3 اور میتھیو پوٹس نے 2وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں انگلینڈ نےآئرلینڈ کے خلاف رنز کے انبار لگا دیے، انگلش بیٹرز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 524 رنز بناکر پہلی اننگز  میں واضح برتری حاصل کرلی۔

انگلش ٹیم کی جانب سے اولی پوپ نے 205 اور بین ڈکٹ نے 182 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم آئرلینڈ نے دوسری اننگز میں کچھ مزاحمت کی اور 362 رنز بنائے، تاہم انگلینڈ کو جیت کے لیے صرف 11 رنز کا ہدف ملا۔ انگلینڈ نے ہدف بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے پورا کرلیا اور یوں انگلش ٹیم نے ٹیسٹ میچ اور سیریز اپنے نام کرلی۔ کرکٹ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کپتان نے میچ میں بغیر بولنگ، بیٹنگ اور کیپنگ کیے ٹیسٹ میچ جیتا ہو۔