پاک نیوزی لینڈ سیریز اگلے سال کے شروع میں ہونے کا امکان
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کی آفر قبول، پی سی بی نے محدود اوورز کی کرکٹ سیریز سے متعلق تجویز کا مثبت جواب دے دیا، متوقع طور پر سیریز آسٹریلیا کے دورے کے فوراً بعد کھیلی جائے گی۔
لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مبینہ طور پر نیوزی لیںڈ کے خلاف وائٹ بال سیریز کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان فارمیٹس اور میچز کا تاحال فیصلہ نہیں ہوسکا۔ البتہ پاک نیوزی لینڈ سیریز 5 ٹی ٹوئنٹی یا تین ون ڈے میچز پر مشتمل ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹیسٹ 7 جنوری کو سڈنی میں ختم ہوگا۔ نیوزی لینڈ دستیاب ونڈو میں وائٹ بال کرکٹ سیریز کا انعقاد چاہتا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم اور کیویز کے درمیان وائٹ بال سیریز کا آغاز جنوری 2024ء کے دوسرے ہفتے سے ہوگا۔
یاد رہے گزشتہ ماہ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو محدود اوورز میچز کی سیریز کیلئے دورے کی دعوت دی تھی۔ جس پر پی سی بی کی جانب سے رضامندی ظاہر کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے اپریل اور مئی میں پاکستان کا دورہ کیا تھا۔