وفاقی حکومت کے قرضے 586 کھرب روپے تک پہنچ گئے

image

قرض میں سالانہ بنیادوں پر 34.1 فیصد اضافہ، مقامی قرضے 62.3 فیصد جبکہ بیرونی قرضے 37.6 فیصد تک جا پہنچے، ملکی قرضوں میں سب سے بڑا حصہ وفاقی بانڈز کا رہا ہے۔

اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے قرضے 586 کھرب روپے تک جا پہنچے ہیں۔ اپریل کے اختتام تک قرضوں میں سالانہ بنیادوں پر 34.1 فیصد اضافہ ہوا۔ اس حوالے سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق ماہانہ بنیادوں پر قرضے میں 2.6 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اپریل کے اختتام تک مقامی قرضے 365 کھرب روپے جبکہ بیرونی قرضے 220 کھرب روپے تک جا پہنچے ہیں۔ مقامی قرضوں میں 62.3 فیصد اور بیرونی قرضوں میں  37.6 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ سالانہ بنیادوں پر بیرونی قرضوں میں اضافہ 49.1 فیصد پر برقرار رہا۔ بیرونی قرضوں میں پچھلے مہینے سے کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ ملکی قرضوں میں سب سے بڑا حصہ وفاقی بانڈز کا رہا جس سے قرضوں کا حجم 250 کھرب روپے رہا، اس کے علاوہ قلیل مدتی قرضوں کا حصہ 72 کھرب اور ان فنڈڈ قرضے 29 کھرب روپے رہے۔ قومی بچت اسکیم کے ذریعے لیے گئے قرضے بھی اس میں شامل ہیں۔