عرصہ دراز تک عروج پر رہنے کے بعد امریکی ڈالر کا زوال شروع
اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 1 روپیہ 50 پیسے سستا، گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 288 روپے 52 پیسے پر بند ہوا تھا، پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی آج کاروبار کا مثبت آغاز ہوا ہے۔
کراچی: (اکانومی ڈیسک) عرصہ دراز تک عروج پر رہنے کے بعد پاکستان میں ڈالر کا زوال شروع ہو گیا ہے۔ ایکسچینج کمپنیز کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے ملک میں نقد ڈالر لانے کی اجازت ملنے کے بعد روپے کی قدر بڑھنے لگی ہے۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر 1 روپیہ 50 پیسے سستا ہو گیا ہے۔
ڈالر کی قدر میں معمولی کمی کے بعد پاکستانی روپے کی قدر بڑھنے لگی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر 293 روپے 50 پیسے سے کم ہو کر 292 روپے پر آ گیا ہے۔ دوسری جانب انٹر بینک میں بھی ڈالر 1 روپیہ 27 پیسے سستا ہونے کے بعد 287 روپے 25 پیسے میں ٹریڈ ہو رہا ہے۔
گزشتہ روز انٹر بینک میں ڈالر 288 روپے 52 پیسے پر بند ہوا تھا. دوسری جانب پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بھی آج کاروبار کا آغاز مثبت رجحان میں ہوا ہے۔ کے ایس ای 100 انڈیکس 246 پوائنٹس کے اضافے سے 463 پوائنٹس پر آ گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز 100 انڈیکس 46417 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔