ڈالر کی قدر میں اچانک بڑی کمی

image

انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت مزید گر گئی، ڈالر کے انٹربینک ریٹ 303 روپے سے نیچے اور اوپن ریٹ 304 روپے پر آگئے، کریک ڈاؤن کی وجہ سے حوالہ ہنڈی آپریٹرز روپوش ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بینکاری چینل سے ترسیلات زر کی آمد بڑھنے کے امکانات ہیں۔

کراچی: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں آج ڈالر کی قیمت مزید گر گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے زرمبادلہ کے لین دین، داخلی و خارجی راستوں کی سخت نگرانی، ڈالر کی اسمگلنگ اور بلیک مارکیٹنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ کے روز بھی ڈالر ریورس گئیر میں رہا جس سے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 303 روپے سے نیچے اور اوپن ریٹ 304 روپے پر آگئے۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 2 روپے 99 پیسے گھٹ کر 301 روپے 95 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔ اس کے بعد وقفے وقفے سے درآمدی و بیرونی ادائیگیوں کی ڈیمانڈ سے ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کا رجحان پیدا ہوا تاہم کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 2 روپے کی کمی سے 302 روپے 94 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اوپن مارکیٹ میں کاروبار کے بیشتر دورانیے میں 2 روپے کی کمی کے ساتھ ٹریڈنگ ہوئی لیکن کاروبار کے اختتام پر اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 3 روپے کی کمی سے 304 روپے پر بند ہوئی۔

گذشتہ تین روز کے دوران ڈالر کے انٹربینک ریٹ میں مجموعی طور پر 4 روپے 15 پیسے کی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔ زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کی قیمتوں میں چند روز قبل تک 25 تا 28 روپے کا بڑا فرق اب گھٹ کر اب صرف 1 روپے 06 پیسے رہ گیا جس سے آئی ایم ایف کی 1 اعشاریہ 25 فیصد کی عائد کردہ شرط بھی پوری ہوگئی ہے۔ ماہرین کے مطابق کریک ڈاؤن کی وجہ سے حوالہ ہنڈی آپریٹرز روپوش ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بینکاری چینل سے ترسیلات زر کی آمد بڑھنے کے امکانات ہیں۔