پاک سری لنکا میچ سیمی فائنل کی حیثیت اختیار کر گیا

image

ایشیاء کپ کا سپر 4 مرحلہ جاری، بھارت لگاتار 2 فتوحات سے فائنل میں پہنچ گیا، بنگلہ دیش لگاتار 2 شکستوں کے بعد فائنل کی دوڑ سے تقریباً باہر ہو گیا ہے۔

دبئی: (اسپورٹس ڈیسک) ایشیا کپ 2023ء سپر 4 مرحلے میں پاکستان اور سری لنکا کیخلاف بھارت کی لگاتار 2 کامیابیوں کے بعد دلچسپ اور سنسنی خیز مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ بھارت پہلے سپر 4 میچ میں پاکستان کو 228 رنز سے اور پھر سری لنکا کو 41 رنز سے شکست دے کر فائنل میں اپنی جگہ بنا چکا ہے۔ پاکستان سے 7 وکٹ اور سری لنکا سے 21 رنز سے شکست کے بعد بنگلہ دیش کیلئے فائنل میں کوالیفائی کرنا اب تقریباً نا ممکن نظر آ رہا ہے۔

رہی بات پاکستان کی تو فائنل میں پاکستان اور سری لنکا کی قسمت کا فیصلہ ان کے آخری سپر 4 مرحلے کے میچ میں ہوگا۔ سری لنکا کی بھارت کے ہاتھوں شکست نے پاکستانیوں کا دل بھی خوش کیا ہے لیکن اس خوشی میں خود غرضی کا عنصر شامل ہے۔ وجہ کچھ یوں ہے کہ سری لنکا اگر بھارت کو شکست دیتا تو پاکستان کے فائنل میں جانے کے امکانات کم ہو جاتے۔

گرین شرٹس کے پاس اب بھی سری لنکا کو شکست دینے اور ایشیاء کپ کے فائنل میں جانے کا ایک موقع ہے۔ پاکستان کو فائنل میں جانے کے لیے میچ جیتنے کے علاؤہ یہ دعا بھی مانگنی ہوگی کہ اس بار کولمبو کا موسم ان کی راہ میں رکاوٹ نہ بنے۔ اگر بارش نے کرکٹ گراؤنڈ پر دھاوا بولا تو دونوں ٹیمیں ایک ایک پوائنٹ حاصل کریں گی۔