آسٹریلوی بیٹرز کیلئے ہیلمٹ پروٹیکٹر پہننا لازمی قرار

image

 

کھلاڑیوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت، کرکٹ آسٹریلیا نے بڑا فیصلہ کر لیا، ہیلمٹ کے پیچھے گردن کو بال سے بچانے کیلئے پروٹیکٹر لگوانا قوانین کا حصہ بنا دیا گیا ہے۔

سڈنی: (اسپورٹس ڈیسک) آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے فاسٹ اور میڈیم فاسٹ بولرز کے سامنے بلے باز کیلئے ہیلمٹ پر گردن کیلئے لگنے والے پروٹیکٹر (گارڈ) پہننا لازمی قرار دے دیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آسٹریلیا کے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور اسٹیو اسمتھ پروٹیکٹر والے ہیلمٹ پہننے کے خواہشمند نہیں ہیں لیکن اب یکم اکتوبر سے ایسا کرنا لازمی ہوگا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے نومبر 2014ء میں فلپ ہیوز کی موت کے بعد گردن کے محافظ کے استعمال کی سفارش کی تھی تاہم اب اسے قانون کے طور پر متعارف کروایا جا رہا ہے۔

سڈنی میں شیفیلڈ شیلڈ میچ کے دوران فلپ ہیوز کے سَر پر شان ایبٹ کی گیند لگی تھی جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا تاہم 2 دن بعد وہ انتقال کر گئے تھے۔ ہیلمٹ پر گردن اور سَر کے پچھلے حصے کی حفاظت کیلئے گارڈ منسلک ہوتا ہے جس سے کھلاڑی بال لگنے کے باعث بھی زخمی ہونے سے محفوظ رہ سکتا ہے۔ اسی طرح اسٹیو اسمتھ 2019ء میں لارڈز میں ایک ٹیسٹ میچ کے دوران انگلینڈ کے بالر جوفرا آرچر کے باؤنسر سے ٹکرانے کے بعد گر گئے تھے تاہم کوئی نقصان نہیں ہوا تھا۔

واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے گردن کے محافظوں کو لازمی قرار دینے کا حکم اس وقت آیا جب آسٹریلیا کے آل راؤنڈر کیمرون گرین کو جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں کگیسو ربادا کے باؤنسر سے چوٹ لگنے کے بعد زخمی ہونا پڑا۔ دوسری طرف قومی کرکٹ ٹیم کے سابق اسپیڈ اسٹار شعیب اختر کا بھارت اور سری لنکا کے درمیان میچ پر ردعمل سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا ہے۔ راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے اپنے یوٹیوب چینل پر بھارت اور سری لنکا کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم کی ناقص پرفارمنس کا مظاہرہ کرنے پر تنقید کرتے نظر آ رہے ہیں۔