جلد کی بیماری دیگر کئی امراض کا باعث بنتی ہے: تحقیق
تحقیق میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کیا گیا، تحقیق میں شامل افراد نے 1994ء سے 2015ء کے دوران مختلف اوقات میں علاج بھی کرایا، بچوں میں آنتوں اور معدے سمیت پیٹ کی دیگر بیماریوں کے بڑھنے کے امکانات 44 فیصد زائد نوٹ کیے گئے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جلد کی بیماری کو عام طور پر معمولی بیماری سمجھا جاتا ہے۔ ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ عام مرض کئی سنگین بیماریوں کی وجہ بن سکتا ہے۔ ماہرین نے اس تحقیق میں 10 لاکھ سے زائد افراد کو شامل کیا گیا اور ان کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ طبی جریدے میں شائع ہونے والی اس تحقیق کے مطابق ماہرین نے 4 لاکھ سے زائد بچوں اور 6 لاکھ سے زائد ایسے بالغ افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جو جلد کے امراض میں مبتلا تھے۔
تحقیق میں شامل افراد نے 1994ء سے 2015ء کے دوران مختلف اوقات میں علاج بھی کرایا۔ تحقیق کے نتائج سے معلوم ہوا کہ مذکورہ جِلدی مرض میں مبتلا بچوں اور بالغ افراد کے آنتوں، معدے اور نظام ہاضمہ سے متعلق دیگر بیماریوں میں مبتلا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق بچوں میں آنتوں اور معدے سمیت پیٹ کی دیگر بیماریوں کے بڑھنے کے امکانات 44 فیصد زائد نوٹ کیے گئے جب کہ بالغ افراد میں یہ شرح 34 فیصد تک تھی۔
ماہرین نے مذکورہ تمام افراد کے میڈیکل ریکارڈ جنوری 2020ء سے جون 2023ء تک کا جائزہ لیا اور پھر ان افراد میں ہونے والی بیماریوں کی درجہ بندی کی۔ محقیقن کے مطابق جلدی امراض میں مبتلا افراد میں سانس پھولنے، پیٹ میں درد، مروڑ، قبض، آنتوں اور معدے کے مسائل سمیت اسی طرح کی دیگر بیماریوں کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ اس کے علاوہ بالغ افراد میں السر، خونی بادی اور بواسیر کی شکایات بھی بڑھ جاتی ہیں جب کہ ان میں قبض سمیت پیٹ کے درد کا مسئلہ بھی بڑھ جاتا ہے۔