ایف بی آر کا کسٹمز نظام کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد:(بزنس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم کو مزید مضبوط کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایف بی آر کے اعلامیے کے مطابق سینٹرل اپریزنگ یونٹ کو اسلام آباد منتقل کرنے کا فیصلہ واپس نہیں ہوگا، یہ کسٹمز نظام کو جدید بنانے کا حصہ ہے۔ نئے نظام سے تاجروں اور افسران کا براہ راست رابطہ کم ہوگا۔
صرف اسسمنٹ کا کام اسلام آباد ہوگا، جبکہ سامان کی جانچ اور بندرگاہ کے تمام کام پہلے کی طرح کراچی میں ہی ہوں گے اور تاجر اپنے مسائل کے لیے کراچی کلکٹریٹس سے رابطہ کر سکیں گے۔ ایف بی آر نے بتایا کہ نئے نظام سے کلیئرنس کا وقت 40 گھنٹے سے کم ہو کر 20 گھنٹے رہ گیا ہے اور 83 فیصد سامان اب 48 گھنٹوں میں کلیئر ہو رہا ہے۔ کسٹمز ویلیو کا تعین قانون کے مطابق ہی ہوگا۔ ڈیجیٹل نظام میں اپنی مرضی سے قیمت بڑھانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ای ایف ایس اور برآمدی مال کیلئے بیک لاگ ختم کرنے اور اچھے درآمد کنندگان کیلئے گرین چینل کی سہولت دی جائے گی۔ ایف بی آر نے تاجروں کو مشورہ دیا کہ وہ جہاز آنے سے پہلے ہی دستاویزات جمع کرا دیں تاکہ جلد کلیئرنس ہو سکے، ساتھ ہی تجارتی اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے مسائل کے ثبوت کے ساتھ مخصوص کیسز فراہم کریں تاکہ انہیں فوری حل کیا جا سکے۔