برسوں تک یکطرفہ خبریں نشر کرنے اور حقائق چھپانے کا اعتراف
بلغراد: (ویب ڈیسک) سربیا میں سیاسی تبدیلی کے بعد سرکاری نشریاتی ادارے ریڈیو ٹیلی ویژن ووجوودینا (آر ٹی وی) نے ماضی کی صحافتی پالیسی پر ناظرین سے معافی مانگ لی ہے۔ ادارے نے اعتراف کیا ہے کہ کئی برسوں تک عوام کو یکطرفہ خبریں فراہم کی گئیں۔ اس دوران اہم واقعات کو نظرانداز کرنے اور حکومتی معاملات پر ضروری سوالات نہ اٹھانے کی روش اختیار کی گئی۔
برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کے مطابق سربیا میں اقتدار کی تبدیلی کے بعد سرکاری میڈیا کے رویے میں بھی تبدیلی سامنے آئی ہے۔ آر ٹی وی نے اپنے ماضی کے طرزِ صحافت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے عوام کے سامنے اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کیا ہے۔ اس اقدام کو ملک میں میڈیا کے کردار کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری ٹی وی کے نیوز اینکر گوران ایرر نے اپنے پروگرام کے دوران کہا کہ ادارہ طویل عرصے تک اپنی صحافتی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم خاموش رہے، اہم واقعات کو نظرانداز کیا اور یکطرفہ خبریں نشر کرتے رہے۔ انہوں نے ان کوتاہیوں پر ناظرین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اس رویے پر شرمندہ ہے۔