ڈیتھ اوورز میں پاکستانی پیسر کی شاندار باؤلنگ

image

 

 

شائقین کرکٹ کی دل کھول کر تعریف، زمان خان کی ڈیبیو میچ میں دلکش پرفارمنس، پاکستان کو سری لنکا کے ہاتھوں ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 3 وکٹوں سے شکست ہوئی۔

کولمبو: ( اسپورٹس ڈیسک) ایشیاء کپ میں سری لنکا کے خلاف میچ کے اختتامی اوورز میں فاسٹ بولر زمان خان کی باؤلنگ پر شائقین کرکٹ داد دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ سپر 4 مرحلے کے اہم میچ میں دفاعی چیمپئن سری لنکا نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دی اور ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ میچ کے اختتامی اوور میں سری لنکا کو آخری 6 گیندوں پر 8 رنز درکار تھے جبکہ پاکستان کی جانب سے زمان خان نے آخری اوور کروایا۔

زمان خان کی آخری گیند پر سری لنکا کو 2 رنز درکار تھے تاہم ناقص فیلڈ پلسمینٹ کے نتیجے میں سری لنکن بیٹر اسالنکا نے با آسانی اسکور کر لیے اور اپنی ٹیم کو میچ جتوا کر فائنل میں پہنچا دیا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر شائقین کرکٹ نے ڈیبیو پر شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے پر فاسٹ بولر کی خوب تعریف کی اور انہیں فیوچر کیلئے مبارکباد بھی پیش کی۔ سری لنکا کیخلاف 8 رنز کو نہ روک پانے پر بالر پچ پر رو پڑے جبکہ ساتھی کھلاڑی انہیں دلاسہ دیتے دکھائی دیے۔

ایشیاء کپ کے براڈ کاسٹر کو دیے گئے انٹرویو میں سابق بھارتی اوپنر گوتم گمبھیر نے میچ کے اختتامی اوورز میں بابر اعظم کی کپتانی پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زمان خان اور شاہین آفریدی اچھی باؤلنگ کروا رہے تھے لیکن بابر اعظم کی فیلڈ پلیسمنٹ مجھے سمجھ نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ جب سست رفتار سے شاہین اور زمان گیندیں کروا رہے تھے تو بابر اعظم نے لانگ آف پر فیلڈر کو اوپر کیوں نہیں بلایا؟ اسی طرح کوشل مینڈس اور سدیرا سمارا وکرما کی سنچری شراکت کے دوران بابر نے پارٹنرشپ توڑنے کے بجائے پارٹ ٹائم بالرز سے باؤلنگ کروائی۔