سرفراز احمد کو دوبارہ ٹیم میں شامل کرنے کا مطالبہ

image

 

ایشیاء کپ میں خراب پرفارمنس، قومی ٹیم پر سوشل میڈیا پر تنقید، ٹیم میں بڑی تبدیلیوں کا مطالبہ کر دیا گیا ہے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر سرفراز احمد کی ایک بار پھر ٹیم میں شمولیت کیلئے آوازیں اٹھنا شروع ہو گئی ہیں۔ رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ ایشیاء کپ میں قومی ٹیم کی خراب پرفارمنس پر سوشل میڈیا صارفین بھڑک اٹھے ہیں۔ کرکٹ شائقین وکٹ کیپر اور سابق کپتان سرفراز احمد کو بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے اسکواڈ میں شامل کیے جانے کا مطالبہ کرتے نظر آ رہے ہیں۔

سابق کپتان سرفراز احمد نے سال 2021ء میں جنوبی افریقہ کیخلاف آخری مرتبہ ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلا تھا۔ سرفراز احمد ڈومیسٹک سرکٹ میں کھیلتے ہوئے دکھائی دیے ہیں جہاں انہوں نے عمدہ پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ہے۔ نوجوان بیٹر محمد حارث کو ایشیاء کپ میں موقع دیا گیا تاہم وہ پرفارم کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

واضح رہے کہ بھارت میں شیڈول ورلڈکپ کیلئے آئی سی سی کی طرف سے بورڈز کو 28 ستمبر تک اسکواڈ کا اعلان کرنے اور تبدیلی کا وقت دیا ہے۔ ایشیاء کپ میں قومی ٹیم کو بھارت کے ہاتھوں 228 رنز اور سری لنکا سے 2 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی جس کے باعث بابر الیون فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔ سرفراز احمد نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 117 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کھیل رکھے ہیں جن میں انہوں نے 374 کی اوسط سے 2 ہزار 315 رنز بنائے ہیں۔