سابق کپتان نے ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ برقرار رکھنے کا مشورہ دے دیا

image

 

مصباح الحق کی میڈیا سے گفتگو، شکست کی ذمہ داری صرف کپتان پر عائد نہیں ہوتی، پاکستان بطور ٹیم ہارا ہے، ہمیں اپنی غلطیوں کی نشاندہی کر کے سدھارنے کی ضرورت ہے۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ عالمی کپ کیلئے پاکستانی ٹیم میں چھیڑ چھاڑ کا وقت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان عالمی کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا، ایشیاء کپ جیت کر بھارتی ٹیم مضبوط بن کر سامنے آئی ہے۔ پاکستان کی کارکردگی کا رونا رونے والے سری لنکا کو دیکھ لیں۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ میں پاکستان کی شکست پر افسوس ضرور ہوا لیکن کسی ایک کو مورد الزام ٹھہرانا درست نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ 228 رنز سے شکست صرف کپتان کہ وجہ سے نہیں ہوٸی، آپ کی پوری ٹیم کو شکست ہوٸی ہے۔ ہمیں اپنی پرفارمنس بہتر کرنی ہے، اس ناکامی سے پاکستان کا اعتماد ضرور متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ہمیشہ مشکل حالات سے باہر نکلی ہے، مجھے امید ہے کہ یہی ٹیم عالمی کپ میں  بہتر پرفارمنس کا مظاہرہ کرے گی۔ مصباح الحق نے کہا کہ قومی ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے جواب سلیکشن کمیٹی دے گی۔ ہمارا اسپن کا شعبہ درست طریقے سے پرفارم نہیں کر سکا۔ کھلاڑیوں میں کمی نہیں ہے لیکن بہتری کی گنجائش ہے، ان ہی  پلیٸرز نے ماضی میں بھی پرفارم کر کے دکھایا ہے۔