کرکٹ ورلڈ کپ اسکواڈ کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت مکمل

image

 بھارت میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے ورلڈ کپ کیلئے قومی اسکواڈ کی مشاورت مکمل، مشاورت مکمل ہونے پر ورلڈ کپ اسکواڈ کا اعلان 2 سے 3 روز میں ہوگا جب کہ زیادہ تبدیلیاں کرنے سے گریز کیا جائیگا۔

لاھور: (اسپورٹس ڈیسک) بھارت میں آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے ایونٹ ورلڈ کپ کے لیے قومی اسکواڈ پر مشاورت مکمل ہوگئی جب کہ زیادہ تبدیلیاں کرنے سے گریز کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کپتان بابر اعظم اور سلیکشن کمیٹی نے میگا ایونٹ کے لیے قومی اسکواڈ پر ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے، جس میں فٹنس مسائل کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں کے متبادل ناموں پر غور کیا گیا، ایشیاء کپ میں ناکام رہنے والے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان نہیں ہے البتہ اسپنر ابرار احمد ریڈار پر آگئے ہیں، توقع کی جارہی ہے کہ ابرار احمد کو اسکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔ 

ایک رپورٹ کے مطابق سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق اور کپتان بابر اعظم بورڈ چیف ذکاءاشرف سے ملاقات کریں گے، یاد رہے کہ بورڈ چیف ورلڈکپ اسکواڈ کے حوالے سے قومی ٹیم کے سابق کپتانوں اور کرکٹرز سے بھی مشاورت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ یہ مشاورت مکمل ہونے پر ورلڈ کپ کے حتمی اسکواڈ کا اعلان 2 سے 3 روز میں کیا جاسکتا ہے، انجری کے باعث قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کے ورلڈکپ سے باہر ہونے کا خدشہ ہے۔ 

دوسری جانب نسیم شاہ ایشیاءکپ کے دوران بھارت کے ساتھ ہونے والے میچ میں کندھے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد وہ سری لنکا کے خلاف سپر فور مرحلے کا اہم میچ بھی نہیں کھیل سکے تھے تاہم بابراعظم کو امید ہے کہ نسیم شاہ ورلڈ کپ تک فٹ ہوجائیں گے۔