ورلڈکپ کیلئے شاہد آفریدی نے اپنی ڈریم 11 ٹیم متعارف کرا دی

ورلڈکپ 2023ء کی آمد قریب ترین، سابق لیجنڈری کھلاڑی اپنی اپنی پیشین گوئیاں کرتے نظر آ رہے ہیں، رواں سال میگا ایونٹ کی میزبانی بھارت کر رہا ہے۔
کراچی: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اکتوبر اور نومبر کے دوران بھارت میں ہونے والے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء کیلئے پاکستانی اسکواڈ سے متعلق تجویز دی ہے۔ نجی ٹی وی پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے چند ایسے کھلاڑیوں کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے جو طویل عرصے سے پاکستانی اسکواڈ سے غیر حاضر ہیں۔ ان کھلاڑیوں میں خاص طور پر آل راؤنڈر عماد وسیم جو کہ کراچی کنگز کے کپتان بھی ہیں اور اس کے علاوہ فاسٹ بولر حسن علی اور ارشد اقبال شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ عماد وسیم کئی دفعہ شاندار آل راؤنڈ کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ انہوں نے سلیکشن کمیٹی پر زور دیا کہ جب تیز گیند بازوں کو چیلنجز کا سامنا ہوتا ہے تو اس صورتحال میں عماد جیسے بولر کا ٹیم میں ہونا بہت ضروری ہے۔ عماد وسیم نئی گیند کے ساتھ مخالف ٹیم پر دباؤ ڈال سکتے ہیں اور اپنی ٹیم کی فتح میں کردار ادا کر سکتے ہیں۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس 2 طرح کے ٹریک ہوں گے۔ پہلا ہمیں سیمنگ ٹریک ملے گا یا بہت فلیٹ ٹریک، بات یہ ہے کہ ہمارے پاس پہلے ہی اسپنرز موجود ہیں۔ کبھی کبھی کوئی تیز گیند باز اچھی بولنگ نہیں کر رہا ہوتا اور اسے پٹائی لگ رہی ہوتی ہے۔ آپ کو مشکل حالات میں عماد وسیم جیسے بولر کی ضرورت پڑتی ہے جو نئی گیند کے ساتھ بہت خطرناک بولر ہو سکتا ہے۔