متحدہ عرب امارات کی طرف سے پاکستانی تازہ گوشت کی برآمد پر پابندی عائد

image

 پاکستان سے سمندری راستے سے تازہ گوشت کی درآمدات پر 10 اکتوبر تک پابندی عائد، متحدہ عرب امارات نے گوشت پر پابندی ایک کھیپ میں فنگس پائے جانے کے بعد کی ہے۔

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے پاکستانی تازہ گوشت کی سمندری راستے سے امپورٹ بند کر دی اور اس حوالے سے حکم نامہ بھی جاری کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی کی ایک کمپنی کے کنٹینر سے مرغی کے گوشت میں فنگس پایا گیا تھا۔ یو اے ای حکام کا اس حوالے سے جاری حکم نامے میں کہنا ہے کہ امپورٹ پر پابندی میں مرغی کا چلڈ گوشت بھی شامل ہے، پابندی کا اطلاق 10 اکتوبر سے ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق گوشت کے برآمد کنندہ نصیب احمد سیفی نے بتایا کہ یہ کوئی مستقل پابندی نہیں ہے بلکہ متحدہ عرب امارات کے حکام نے اس وقت تک عارضی پابندی عائد کی ہے جب تک پاکستانی برآمد کنندگان آئندہ گوشت کی ترسیل کے حوالے سے متعلقہ ملک کی جانب سے تجویز کردہ پروٹوکول پر عمل کرنا شروع نہیں کر دیتے۔ انہوں نے کہا کہ پروٹوکول کے تحت برآمد کنندگان کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی گوشت کی کھیپ کو سمندر کے راستے ریفریجریٹڈ کنٹینر میں بھیجنے سے پہلے ویکیوم پیک کریں۔

یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کو پاکستان سالانہ تقریباً 14 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کا گوشت برآمد کرتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان سے سمندری راستے سے تازہ گوشت کی مزید درآمدات پر 10 اکتوبر تک پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم فضائی راستے سے پاکستانی گوشت کی برآمدات بلاتعطل جاری رہیں گی۔