پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث اشیاء ضروریہ مزید مہنگی ہو گیئں

image

مہنگائی کی وجہ سے کم آمدن والے طبقے کا جینا محال، حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.93 فیصد اضافہ ہوا، ایک ہفتے میں چکن 8.49، لہسن5.19، پیاز 3.02، پیٹرول 8.53 فیصد اور ڈیزل 5.54 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔

 اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں۔ مہنگائی کی وجہ سے کم آمدن والے طبقے کا جینا محال ہو گیا ہے۔

اشیائے ضروریہ کی قیمتوں  میں پھر سے اضافہ ہونا شروع ہوگیا ہے۔ حالیہ ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.93 فیصد اضافہ ہوا جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی 38.66 فیصد کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی ہے۔ ملک میں مہنگائی سے 29 ہزار 5 سو 18 روپے سے 44 ہزار  1سو 75 روپے ماہانہ آمدن رکھنے والا طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے، جس کے بعد مہنگائی کی شرح 41 فیصد رہی ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کی گئی مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق حالیہ ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 22 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور 11 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی، جبکہ 16 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر مہنگائی 38.99 فیصد ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں چکن 8.49، لہسن5.19، پیاز 3.02، پیٹرول 8.53 فیصد اور ڈیزل 5.54 فیصد مہنگے ہوئے ہیں۔