سوشل میڈیا بابر اعظم کی میمز سے بھر گیا

image

ورلڈ کپ 2023ء کے اسکواڈ کا اعلان، حسن علی کی سرپرائز سلیکشن، سوشل میڈیا صارفین اپنی حیرانگی کا اظہار مختلف میمز کے ذریعے کر رہے ہیں۔

لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم ایک بار پھر شہ سُرخیوں میں آ گئے ہیں۔ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے انکی آواز کو سوشل میڈیا وائس اوورز میں نقل اور استعمال کر کے میم سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء کیلئے روانگی سے قبل پریس کانفرنس کے دوران بابر سے پوچھا گیا کہ کس طرح سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ایسے کلپس سے بھر گئے ہیں جن میں بابر کی آواز کے ساتھ ویڈیوز مختلف سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

بابر اعظم ایک لمحے کیلئے پریس کانفرنس میں اپنی آواز سن کر پریشان ہو گئے اور کہا کہ انہیں میری آواز کیسے ملی؟ ورلڈکپ اسکواڈ میں نسیم شاہ کی انجری کے بعد حسن علی کی سرپرائز سلیکشن کے بعد وقار ذکاء کے ریئلٹی شو کی ایک مشہور میم ویڈیو انٹرنیٹ پر منظر عام پر آئی جس میں بابر اور حسن کے چہرے بدلے گئے ہیں۔ وائرل ویڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ حسن علی بابر کو کہہ رہے کہ کیا میری سلیکشن ہوگئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے بعد اوپنر امام الحق بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے پکڑے گئے۔ اسلام آباد موٹروے پر ٹریفک اہلکاروں نے قومی کرکٹ ٹیم کے اوپنر امام الحق کا تیز رفتاری پر 750 روپے کا چالان کاٹ دیا۔ قبل ازیں لاہور ٹریفک پولیس نے 17 ستمبر کو پاکستان ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا لائسنس نہ ہونے پر 2 ہزار روپے کا جرمانہ کیا تھا۔