سالوں بعد پاکستانی ٹیم کا بھارتی سرزمین پر ٹریننگ سیشن
ورلڈ کپ 2023ء کیلئے پاکستانی ٹیم کی بھارت آمد، قومی اسکواڈ دبئی کے راستے حیدر آباد دکن پہنچا، پاکستان ورلڈ کپ کا پہلا میچ 6 اکتوبر کو کھیلے گا۔
حیدرآباد: (اسپورٹس ڈیسک) گزشتہ روز بھارت پہنچنے والی پاکستانی ٹیم کا بھارتی سرزمین پر پہلے ٹریننگ سیشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ پاکستان کے کھلاڑی حیدرآباد کے راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں ٹریننگ میں حصہ لے رہے ہیں۔ ٹریننگ سیشن میں بابر اعظم، شاہین آفریدی، حسن علی، حارث رؤف، افتخار احمد، سلمان علی آغا، فخر زمان، محمد وسیم جونیئر، محمد حارث اور زمان خان نے شرکت کی۔
تفصیلات کے مطابق کھلاڑیوں نے اسٹیڈیم کے اندر وارم اپ اور فیلڈنگ کی مشقیں کیں اور نیٹ ایریا میں نیٹ سیشن کیا۔ یاد رہے کہ پاکستان کل 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گا۔ کرکٹ ورلڈ کپ کا آغاز 5 اکتوبر سے ہو رہا ہے، پہلا میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان شیڈولڈ ہے۔
دوسری طرف ایشین گیمز میں پاکستان نے ہاکی میں مسلسل دوسری فتح حاصل کرلی ہے۔ پاکستان ٹیم نے اپنے پول کے تیسرے میچ میں ازبکستان کو 2 کے مقابلے میں 18 گول سے شکست دے دی۔ پاکستان ہاکی ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی اپنی گرفت بنالی تھی اور پے در پے گول اسکور کیے۔