پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا امکان
نگران دور حکومت میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا یہ پہلا موقع، پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آخری بار جولائی کے وسط میں کمی کی گئی تھی، مہنگائی سے ستائی عوام نے پٹرول کی بچت کرنے کیلئے موٹر سائیکلوں میں ایل پی جی کٹس لگوا لی ہیں۔
اسلام آباد: (اکانومی ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ڈالر کی قیمت گرنے کے بعد پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ نگران دور حکومت میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا یہ پہلا موقع ہو گا۔ یکم کے بعد پٹرول اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت گرنے کا واضح امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے اور ڈالر کا ریٹ گر جانے کے باعث پٹرول کی قیمت 15 سے 19 روپے لیٹر کم ہو سکتی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں آخری بار جولائی کے وسط میں کمی کی گئی تھی۔ پٹرول 9 روپے فی لیٹر کم کرکے 253 روپے اور ڈیزل 7 روپے کم کرکے 253 روپے 50 پیسے کا کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ نگران وزیراعظم انوارالحق کے اقتدار میں آنے کے بعد پٹرول کی قیمت میں 58 روپے 43 پیسے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 55 روپے 83 پیسے کا اضافہ ہوا ہے۔ یکم اکتوبر سے ہائی سپیڈ ڈیزل اور پٹرول کی قیمت میں 5 سے 19 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے۔ مہنگائی سے ستائی عوام نے پٹرول کی بچت کرنے کیلئے موٹر سائیکلوں میں ایل پی جی کٹس لگوا لی ہیں جو کسی بھی خطرے کا باعث بن سکتی ہیں۔