پاکستانی کھلاڑیوں کا بھارتی مداحوں کی طرف سے شاندار استقبال
ائیرپورٹ پر بھارتی حکام نے استقبال کرتے ہوئے قومی کرکٹرز کو شالیں پیش کیں جبکہ پھول بھی نچھاور کیے، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ائیرپورٹ پر مداحوں کے استقبال پر انہیں ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔
حیدرآباد (بھارت): تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ائیرپورٹ پہنچنے پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کا مداحوں نے شاندار استقبال کیا جبکہ ہوٹل کے باہر بھی ہزاروں شائقین کرکٹ کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیھنے کو بیتاب نظر آئے، ائیرپورٹ پر بھارتی حکام نے استقبال کرتے ہوئے قومی کرکٹرز کو شالیں پیش کیں جبکہ پھول بھی نچھاور کیے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ایکس پر ایک ویڈیو شئیر کی گئی ہے جس میں مداح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں، دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ائیرپورٹ پر مداحوں کے استقبال پر انہیں ہاتھ ہلاکر جواب دیا جبکہ شاہین آفریدی سیکیورٹی پر معمور پولیس اہلکار کے ساتھ خوشگپیاں کرتے دیکھائی دے رہے ہیں، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
یاد رہے کہ قومی ٹیم نے 7 سال بعد بھارت پہنچی ہے، آخری بار پاکستان کرکٹ ٹیم نے 2016ء میں ٹی 20 ورلڈکپ کیلئے شاہد آفریدی کی قیادت میں بھارت کا دورہ کیا تھا۔