بولٹن مارکیٹ میں غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کا کاروبار

image
غیرقانونی کرنسی ڈیلرز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری، 32 ممالک کی کرنسی تحویل میں لے لی گئی، غیر قانونی کاروبار میں ملوث 2 ملزمان احمد رضا اور فیضان رضا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
کراچی: (اکانومی ڈیسک) ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل جاوید بلوچ کی نگرانی میں غیرقانونی کرنسی ڈیلرز کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔ چھاپہ مار کاروائی کے دوران شہر کے گنجان آبادی والے علاقے سے بھاری مالیت کی غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی ہے۔ بولٹن مارکیٹ میں ڈیلرز پرائز بانڈ کی آڑ میں مختلف ممالک کی کرنسی کی خرید و فروخت کر رہے تھے۔
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے چھاپہ مار کارروائی کے دوران 32 ممالک کی بھاری مالیت کی کرنسی تحویل میں لے لی ہے۔ غیرقانونی کاروبار کرنے والے ملزمان سے بھارتی اور اسرائیلی کرنسی بھی برآمد ہوئی ہے۔ کاروائی کے دوران غیرقانونی خرید و فرخت میں ملوث 2 ملزمان احمد رضا اور فیضان رضا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ملزمان اسٹیٹ بینک کی منظوری کے بغیر غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے 30 سے زائد ممالک کی کرنسی برآمد ہوئی۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔