ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کیلئے 4 ملین امریکی ڈالرز کا انعام

ورلڈ کپ 2023ء کا فائنل میچ، آسٹریلیا اور انڈیا مدمقابل، ٹورنامنٹ کا فائنل ہارنے والی ٹیم کو 2 ملین ڈالرز کی رقم ملے گی۔
احمد آباد: (اسپورٹس ڈیسک) آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں شامل ہونے والی ٹیموں کو 1 کروڑ امریکی ڈالرز (یعنی 2 ارب 88 کروڑ روپے سے زائد) بطور انعامی رقم دی جائے گی۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق ورلڈ کپ کی ٹرافی اٹھانے والی ٹیم کو 40 لاکھ ڈالر (یعنی پاکستانی روپوں میں 1 ارب 15 کروڑ 20 لاکھ سے زائد) ملیں گے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 20 لاکھ ڈالر (یعنی 57 کروڑ 60 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے۔
سیمی فائنلز ہارنے والی ٹیموں کو 8 لاکھ امریکی ڈالرز (یعنی 23 کروڑ 4 لاکھ روپے) ملیں گے۔ جو ٹیمیں ناک آؤٹ مرحلے میں نہیں پہنچ سکیں، ان ٹیموں کو ایک ایک لاکھ ڈالرز (یعنی 2 کروڑ 88 لاکھ روپے سے زائد) ملیں گے۔ گروپ مرحلے کے میچز جیتنے والی ہر ٹیم کو 40 ہزار ڈالرز (یعنی 1 کروڑ 15 لاکھ 20 ہزار سے زائد) ملیں گے۔
دوسری جانب بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی ورلڈ کپ کا فائنل میچ دیکھنے اسٹیڈیم پہنچ چکے ہیں۔ بالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی آمد بھی جاری ہے۔ ایک لاکھ 32 ہزار افراد کی گنجائش والا اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا ہے۔