آسٹریلیا نے بھارت کو ہرا کر ورلڈکپ فائنل جیت لیا

image

آسٹریلیا نے بھارت کو ہرا کر ورلڈکپ فائنل جیت لیا، آسٹریلیا نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہرا کر چھٹی بار کرکٹ کا عالمی چیمپئن بن گیا، بھارت کے ویرات کوہلی پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔

احمد آباد: (سپورٹس ڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ 2023 میں آسٹریلیا نے انڈیا کو شکست دے کر چھٹی بار یہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ انڈیا کی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں گذشتہ نو میچوں میں فتح کے ساتھ ناقابلِ شکست تھی، مگر اسے آسٹریلوی بلے باز ٹریوس ہیڈ کی سنچری کی بدولت چھ وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا نے انڈیا کے سکور 240 کے جواب میں مطلوبہ ہدف 43 اوورز میں محض چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انڈیا نے اپنے ہدف کا دفاع کافی جارحانہ انداز میں شروع کیا اور آسٹریلیا کی ٹیم کے اوپنرز کو سنبھلنے کا موقع دیے بغیر واپس پویلین پہنچا دیا تھا۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں ٹریوس ہیڈ اور مارنس لیبوشین نے ٹیم کو نہ صرف سہارا دیا بلکہ انڈیا کی امیدوں پر اوس بن کر گرے، اس شراکت میں انھوں نے اپنی ٹیم کو کامیابی تک پہنچا دیا تھا، تاہم میچ کے اختتامی لمحات میں بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ہیڈ باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ انھوں نے 137 رنز بنائے۔ ان کے بعد آنے والے گلین میکسویل نے فیصلہ کن دو رنز کا اضافہ کیا اور ٹیم کی جیت پر مہر لگا دی۔ جسپریت بمرا نے دو جبکہ محمد سراج اور محمد شامی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی مگر یہ شام مجموعی طور پر آسٹریلوی بلے بازوں کے نام رہی۔

بھارت کے ویرات کوہلی پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے، میچ میں ہونے والا ایک اور واقعہ بھی لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔ گراؤنڈ میں موجود شائقین میں سے ایک شخص نکل کر دوڑتا ہوا پچ پر موجود انڈین بلے باز وراٹ کوہلی کے قریب آیا جسے بعد میں پولیس نے حراست میں لے لیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ فلسطین کے حامی ہیں۔ ان کی ٹی شرٹ کے آگے ’فلطسین پر بمباری بند کرو‘ اور پشت پر’فلسطین کو آزار کرو‘ لکھا ہوا تھا۔