کے ایس ای-100 انڈیکس 59 ہزار 811 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا

image

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار، بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 725 پوائنٹس کا اضافہ، بینکنگ سیکٹر کی دلچسپی کے باعث معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔

کراچی: (اکانومی ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان برقرار ہے۔ رواں ہفتے کے آغاز میں بھی اسٹاک ایکسچینج میں تیزی دیکھی گئی۔ آج بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 725 پوائنٹس کا اضافہ ہوا۔

کے ایس ای-100 انڈیکس 1.23 فیصد اضافے کے بعد 59 ہزار 811 پوائنٹس پر بند ہوا۔ آخری کاروباری روز کے اختتام پر یہ 59 ہزار 86 پوائنٹس تک پہنچ گیا تھا۔ واضح رہے کہ 24 نومبر کو بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس نے 59 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر لی تھی۔

انٹر مارکیٹ سیکورٹیز کے ہیڈ آف ایکویٹی رضا جعفری نے بتایا کہ بینکنگ سیکٹر کی دلچسپی کے باعث معیشت مستحکم ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بینکس اچھے ڈیونڈز کی پیش کش کر رہے ہیں اور ان کی ویلیوایشن بھی متاثرکن ہے۔ روایتی طور پر یہ سیکٹر غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پسندیدہ رہا ہے۔