سردیوں میں نزلہ، زکام اور کھانسی سے کیسے بچا جائے؟
چکن سوپ سردیوں میں زکام کے وائرس سے بچانے میں مددگار، مسمی مالٹا اور کینو وغیرہ اینٹی آکسیڈینٹ خوبیوں سے بھرپور، سردیوں میں صبح کے وقت خشک میوہ جات کا استعمال کسی اکسیر سے کم نہیں ہے۔
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سردیوں کے آتے ہی نزلہ، زکام، کھانسی اور فلو جیسی بیماریاں عام ہو جاتی ہیں۔ موسم سرما میں ان روایتی بیماریوں سے متاثرہ لوگوں کو کافی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ آج ہم ایسی غذاؤں کے بارے میں جانیں گے جو ان بیماریوں سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوں گی۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کچھ غذائیں ایسی ہیں جن کا روزمرہ کھانوں میں استعمال کر کے سردیوں میں ان بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکتا ہے۔ چکن سوپ، رس دار پھل، لہسن، پیاز، ادرک، مچھلی اور کالی مرچ کا کھانے میں استعمال مذکورہ بیماریوں سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔ چکن سوپ یا مرغی کا شوربہ سردیوں کے موسم میں زکام کے وائرس سے بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔ اگر سادہ چکن سوپ کی جگہ چکن ویجی ٹیبل سوپ پیا جائے تو اس کے اثرات اور بھی نمایاں ہو جاتے ہیں۔
کچھ پھل بھی سردیوں کی روایتی بیماریوں سے بچنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ مسمی مالٹا اور کینو وغیرہ اینٹی آکسیڈینٹ خوبیوں سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ان پھلوں میں شامل وٹامن سی سردیوں میں ہماری صحت کیلئے انتہائی مفید ہے۔موسمِ سرما کی بیماریوں سے بچاؤ میں شہد کا اہم کردار ہے۔شہد میں وٹامنز اور منرلز کے ساتھ بے شمار اینٹی آکسیڈینٹ خوبیاں شامل ہیں، جو آپ کے جسم میں موسمی بیماریوں کے خلاف قوت مدافعت پیدا کرتی ہیں اور سردی سے متاثر نہیں ہونے دیتی۔
خشک میوہ جات سردیوں میں کسی اکسیر سے کم نہیں۔ خشک میوہ جات کا استعمال اگر صبح کے ناشتے میں کیا جائے تو یہ زیادہ مفید رہے گا۔ صبح کے وقت معدہ خالی ہوتا ہے اس طرح معدے کیلئے میوہ جات کو ہضم کرنے میں آسانی ہو گی۔ دوسری جانب جسم سارا دن ان کی توانائی سے مستفید ہوتا رہے گا۔ خشک میوہ جات میں بادام اخروٹ اور پستے کے علاؤہ کشمش انجیر اور خشک خوبانی کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔