عبوری حکومت کی جانب سے عوام کو خوشخبریاں ملنا شروع

لاہور کی اوپن مارکیٹ میں چینی 10 روپے سستی، کمی کے بعد نئی قیمت 140 روپے کلو، گھی اور آئل کی قیمتوں میں 20 روپے کلو کمی کر دی گئی جس کے بعد نئی قیمت 550 روپے ہو گئی ہے۔
لاہور: (اکانومی ڈیسک) لاہور میں چینی 10 روپے سستی ہوگئی ہے، قیمت میں کمی کے بعد نئی قیمت 140 روپے کلو ہو گئی ہے۔ گھی اور آئل کی قیمتوں میں 20 روپے کلو کمی کر دی گئی جس کے بعد نئی قیمت 550 روپے ہو گئی ہے۔ دالوں اور بے بی فوڈ آئٹمز کی قیمتوں میں 10 سے 150 روپے تک کمی ہوگئی ہے۔
یوٹیلیٹی اسٹورز پر آٹے کی قلت، اوپن مارکیٹ میں آٹے کا تھیلا 2800 سے بڑھ گیا، چکی آٹے کی قیمت 175 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ دوسری جانب اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونیوالے اعداد و شمار کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 9 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز اضافے سے 12 ارب 39 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔ مرکزی بینک کے مطابق گزشتہ سے پیوستہ ہفتے میں زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 12 ارب 30 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز تھی۔ اس طرح ایک ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 7 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔
7 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کے اضافے سے مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئے جو گزشتہ ہفتے 7 ارب 18 کروڑ ڈالرز پر تھے۔ اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔ یہ ذخائر 5 ارب 13 کروڑ 58 لاکھ ڈالرز پر پہنچ گئے جو گزشتہ ہفتے 5 ارب 12 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز کی سطح پر تھے۔