کامران اکمل سمیت دیگر کرکٹرز کو پی سی بی میں نوکری مل گئی

سابق وکٹ کیپر کامران اکمل، راؤ افتخار اور سلمان بٹ چیف سلیکٹر کے کنسلٹنٹ مقرر، تینوں سابق کرکٹرز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، 12 جنوری سے شروع ہونیوالی پاک کیوی سیریز پہلی اسائنمنٹ ہوگی۔
لاہور: (اسپورٹس ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے سابق کرکٹرز کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ کو چیف سلیکٹر وہاب ریاض کا کنسلٹنٹ مقرر کر دیا ہے۔ پی سی بی کی پریس ریلیز کے مطابق کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ فوری طور پر اپنی ذمہ داریوں کا آغاز کریں گے جن میں 12 جنوری سے نیوزی لینڈ میں ہونے والی 5 میچوں پر مشتمل ٹی-20 سیریز اِن کی پہلی اسائنمنٹ ہو گی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ تینوں اراکین سلیکشن ڈیوٹی نہ ہونے کے دنوں میں سکلز کیمپ میں اضافی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے۔ کامران اکمل، راؤ افتخار انجم اور سلمان بٹ 2009ء کا ٹی- 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے رُکن تھے جو اب چیف سلیکٹر کی معاونت کے فرائض سر انجام دیں گے۔
رواں برس اکتوبر، نومبر میں انڈیا میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم اور پی سی بی کے کچھ عہدوں پر بڑی تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ ورلڈ کپ کے دوران ہی سابق کپتان انضام الحق چیف سلیکٹر کے عہدے سے مستعفی ہو گئے تھے جس کے بعد اس عہدے پر وہاب ریاض کو تعینات کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ کے بعد بابر اعظم نے تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔