محترمہ فاطمہ جناح کو ہم سے بچھڑے 59 برس بیت گئے

image
کراچی: (نیشنل ڈیسک) آج مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح ؒ کی 59ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر ان کی یاد میں مختلف محافل کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ ملک بھر میں مادر ملت کی برسی کے موقع پر ہونے والی تقاریب کے دوران ان کی بے مثال خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنی زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق، تحریک آزادی اور پاکستان کی خدمت کیلئے وقف کر دی تھی۔ محترمہ فاطمہ جناح قائد اعظم محمد علی جناح کی چھوٹی بہن تھیں۔ مادر ملت 31 جولائی 1893ء کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ محترمہ فاطمہ جناح نے 1923ء میں کلکتہ یونیورسٹی سے ڈینٹسٹ کی ڈگری حاصل کی۔ مادر ملت کو غیر تقسیم شدہ ہندوستان کی پہلی خاتون ڈینٹسٹ ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔ محترمہ فاطمہ جناح قائد اعظم محمد علی جناح کی قریبی ساتھی اور مشیر بھی تھیں۔ انہوں نے تحریک پاکستان میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا تھا۔ محترمہ فاطمہ جناح نے اپنی پوری زندگی برصغیر کے مسلمانوں کے حقوق، تحریک آزادی اور بعد ازاں پاکستان کی خدمت کیلئے وقف کر دی تھی۔ انہوں نے برصغیر کی مسلم خواتین کو آزادی کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لینے کیلئے متحرک کیا۔ ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں قوم نے انہیں 'مادر ملت' کے خطاب سے نوازا۔ محترمہ فاطمہ جناح کا انتقال 9 جولائی 1967ء کو کراچی میں ہوا تھا۔