ہوسٹ سرکاری ویب سائٹس کو پاکستان منتقل کرنے کی تیاری

image
اسلام آباد: (ٹیکنالوجی ڈیسک) حکومت نے بیرون ملک ہوسٹ سرکاری ویب سائٹس کو مرحلہ وار پاکستان منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے پاکستان انفارمیشن سیکیورٹی فریم ورک تیار کر لیا ہے۔ ڈیٹا سینٹرز میں سکیورٹی آپریشنز سینٹر ایس او سی اور جدید سائبر مانیٹرنگ سسٹمز کا نفاذ بھی ضروری ہو گا تاکہ سائبر حملوں کا بروقت پتہ لگا کر ان کا مؤثر تدارک کیا جاسکے۔ دستاویزات کے مطابق سرکاری ویب سائٹس اور ایپلی کیشنز کی مقامی ڈیٹا سنٹرز میں منتقلی کا منصوبہ تیار کیا جائے گا۔ سرکاری ڈیٹا سینٹرز میں جدید فائر والز، سائبر نگرانی اور خطرات کی بروقت نشاندہی کے نظام کی موجودگی کیساتھ سرکاری اداروں کو محفوظ بیک اپ، سیکیورٹی کمزوریوں کی باقاعدہ جانچ، مستقل سائبر نگرانی اور سالانہ تھرڈ پارٹی سکیورٹی آڈٹ کرانے کا بھی پابند بنایا جائے گا۔ فریم ورک کے تحت تمام سرکاری ویب ایپلی کیشنز کو مضبوط تصدیقی نظام اور محفوظ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ کے اصولوں کے مطابق تیار کرنا ہو گا۔ ان ایپلی کیشنز کی باقاعدہ سکیورٹی جانچ، پینیٹریشن ٹیسٹنگ اور خامیوں کا بروقت ازالہ بھی لازمی ہو گا۔ سرکاری ای میل سروسز کیلئے فشنگ، اسپام اور مال ویئر سے تحفظ کے جدید انتظامات لازمی قرار دیئے گئے ہیں۔ انتظامی اور ویب میل رسائی کیلئے ملٹی فیکٹر آتھنٹیکیشن ایم ایف اے نافذ کرنا بھی ضروری ہو گا۔ اس کے علاؤہ ای میل سسٹمز میں بیک اپ، آرکائیونگ اور ڈومین تصدیقی ٹیکنالوجیز کے نفاذ کو بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔