او آئی سی کی خواتین سے متعلق کانفرنس میں شرکت کیلئے وفود کی اسلام آباد آمد کا سلسلہ جاری
اسلام آباد: ( نیوز ڈیسک) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی خواتین سے متعلق 9ویں وزارتی کانفرنس میں شرکت کیلئے رکن ممالک کے وفود اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ دو روزہ کانفرنس وزارتِ انسانی حقوق کی میزبانی میں منعقد ہو رہی ہے، جس کا موضوع "او آئی سی ممالک میں خواتین کا سماجی، معاشی اور سیاسی استحکام، چیلنجز اور آگے کا راستہ" رکھا گیا ہے۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر آنے والے وفود کا استقبال وزیرِ مملکت برائے قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک، پارلیمانی سیکریٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق اور پارلیمانی سیکریٹری برائے قانون و انصاف فرح ناز اکبر سمیت وزارتِ انسانی حقوق اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے کیا۔
کانفرنس میں خواتین اور خاندانی امور کے ذمہ دار وزراء، سینئر سرکاری حکام، او آئی سی کے اداروں کے نمائندگان، بین الاقوامی تنظیمیں اور ترقیاتی شراکت دار شریک ہوں گے، جہاں خواتین کے سماجی، معاشی اور سیاسی بااختیار بنانے سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔ وزیرِ قانون، انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ پاکستان کی جانب سے 9ویں او آئی سی وزارتی کانفرنس برائے خواتین کی صدارت کریں گے۔ پاکستان بطور چیئرمین کانفرنس کی کارروائی کی قیادت کرے گا اور رکن ممالک کے ساتھ مل کر خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اور اتفاقِ رائے کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔
یاد رہے کہ خواتین سے متعلق 8ویں وزارتی کانفرنس 6 سے 8 جولائی 2021ء کو مصر کے دارالحکومت میں منعقد ہوئی تھی۔ اس کانفرنس کا تھیم کوویڈ-19 کی وبا اور اس کے بعد کے حالات میں صنفی مساوات کی کامیابیوں کا تحفظ اور خواتین کو بااختیار بنانا تھا، اور پاکستان نے اس میں بھرپور شرکت کی تھی۔