شدید بارشوں سے پنجاب کے کئی علاقے زیر آب٬ کھڑی فصلیں تباہ٬ لوگ نقل مکانی پر مجبور

image


فیروز والا: (نیوز ڈیسک) پنجاب کے شہر فیروز والا میں شدید بارش کے باعث کئی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ نالے میں طغیانی سے ریلوے کا ایک پُل بھی بہہ گیا۔ قلعہ ستار شاہ کے قریب شدید بارشوں اور سیلابی ریلے کے باعث ریلوے پل کو نقصان پہنچنے سے لاہور سے فیصل آباد ریلوے سیکشن پر ٹرین آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جبکہ پاکستان ریلوے نے متعدد ٹرینوں کے روٹس تبدیل اور بعض ٹرینیں منسوخ کر دی ہیں۔

 ڈویژنل ٹرانسپورٹ آفیسر، ریلوے لاہور ڈویژن کے مطابق 41 اپ/42 ڈاؤن قراقرم ایکسپریس اور 27 اپ/28 ڈاؤن شالیمار ایکسپریس کو فیصل آباد کے بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال اور خانیوال اپنی منزل کی جانب روانہ کیا جائے گا۔ قراقرم 42 ڈاوُن کے مسافروں کو فیصل آباد سے آج ملت ایکسپریس 18 ڈاوُن میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا، لاہور اور سرگودھا کے درمیان چلنے والی میانوالی ایکسپریس کو آج براستہ وزیر آباد، لالہ موسی چلایا جائے گا،  111 اپ/112 ڈاؤن بدر ایکسپریس اور 113 اپ/114 ڈاؤن غوری ایکسپریس کو عارضی طور پر منسوخ کر دیا گیا ہے۔

ریلوے ٹرانسپورٹ آفسیر ریلویز لاہور ڈویژن کا کہنا ہے کہ قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کو لاہور، فیصل آباد کی بجائے لاہور سے براستہ رائیونڈ، ساہیوال، خانیوال بھیجا جائے گا۔ اسی طرح بھلے ڈسنوال اور بانیوال کے قریب سے گزرنے والے نالے میں بھی شدید طغیانی پیدا ہوئی جس سے حفاظتی بند ٹوٹ گیا اور پانی رہائشی علاقوں میں داخل ہونے کے بعد لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیمیں علاقوں میں پہنچ چکی ہیں اور امدادی کارروائی جاری ہیں۔