ایف بی آر نے ٹیکس نظام میں شفافیت لانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دیں

image


اسلام آباد: (بزنس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ایکسپورٹرز کی سہولت اور ہراسانی روکنے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔ اس حوالے سے ایف بی آر نے باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا ہے۔ سرکلر کے مطابق ان کمیٹیوں کے قیام کا مقصد برآمد کنندگان اور ایف بی آر کے درمیان سہولت کاری، ثالثی اور تنازعات کے حل کا موٴثر فورم فراہم کرنا ہے۔ 

کمیٹیوں کے قیام کا مقصد رضاکارانہ ٹیکس تعمیل کو فروغ دینا، غیر ضروری مقدمہ بازی میں کمی لانا اور ٹیکس نظام میں شفافیت اور انصاف کو یقینی بنانا ہے۔ کمیٹیاں فیلڈ فارمیشنز کے روزمرہ دفتری امور اور طریقہ کار سے پیدا ہونے والے ان مسائل کا جائزہ لیں گی۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ جن معاملات میں حقائق کی بنیاد پر آڈٹ یا کسی دوسری قانونی کارروائی کی ضرورت محسوس ہو، وہ متعلقہ کمیٹی کے سامنے پیش کیے جائیں گے کمیٹی کم از کم 3 ووٹنگ ارکان کے کورم کے ساتھ اکثریتی فیصلہ کرے گی۔ 

سرکلر کے تحت کراچی، لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ ریجنز کیلئے الگ الگ کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ کراچی ریجن میں 10 ارب روپے سے زائد برآمدات کرنے والے افراد کے معاملات ایک مرکزی کمیٹی دیکھے گی، جبکہ دیگر برآمد کنندگان کیلئے علیحدہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ اسی طرح لاہور، فیصل آباد اور سیالکوٹ ریجنز میں بھی متعلقہ دائرہ اختیار رکھنے والے برآمد کنندگان کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔