وزیراعظم کا برآمدات بڑھانے اور معاشی ترقی تیز کرنے کے لیے بڑے اقدامات کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت ملکی برآمدات اور معاشی ترقی سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے برآمدات میں اضافے کو معاشی ترقی کی بنیاد بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ زیادہ سے زیادہ شعبوں اور صنعتوں کو برآمدی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے، مصنوعات کے معیار اور کوالٹی اشورنس کا نظام بہتر بنایا جائے اور عالمی معیار و ضوابط پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
شہباز شریف نے برآمدی صنعتوں میں ویلیو ایڈیشن، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، جدت اور ڈیجیٹلائزیشن کے فروغ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے عالمی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی قدر اور مسابقت میں اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں نئی عالمی منڈیوں تک رسائی، فری ٹریڈ اور رعایتی تجارتی معاہدوں، ہارٹیکلچرل مصنوعات، سرجیکل و میڈیکل آلات کی برآمدات اور بین الاقوامی ٹینڈرز میں پاکستانی کمپنیوں کی شرکت بڑھانے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستانی مصنوعات کو عالمی کمپنیوں سے متعارف کرانے کے لیے ٹیکسپو، ہیلتھ انجینئرنگ اینڈ منرلز شو اور فوڈ اینڈ ایگریکلچر سمیت مختلف نمائشیں منعقد کی جارہی ہیں، جبکہ انٹیلیکچوئل پراپرٹی قوانین کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر بھی کام جاری ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کی تنظیم نو مکمل ہوچکی ہے اور کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔