شہباز شریف کی پاکستان میں آئی فونز کی تیاری کے لیے ایپل کے سی ای او سے ملاقات متوقع
اسلام آباد: (بزنس ڈیسک) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کے اجلاس میں انجینئرنگ ڈویلپمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر حامد منصور نے بتایا کہ حکومت ایپل کو پاکستان میں لانے کے لیے مذاکرات اور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ دورہ امریکا کے دوران ایپل کے سی ای او جان ٹرنَس سے ملاقات کے انتظامات کیے جا رہے ہیں، جس میں پاکستان میں ایپل کے موبائل فونز کی تیاری یا اسمبلی شروع کرنے کے امکانات پر بات چیت متوقع ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں اس وقت 37 کمپنیاں موبائل فونز تیار یا اسمبل کر رہی ہیں اور مقامی سطح پر 3 کروڑ 50 لاکھ سے زائد موبائل فونز تیار کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایپل بڑی عالمی اسمارٹ فون کمپنیوں میں واحد کمپنی ہے جس کی مقامی مینو فیکچرنگ موجود نہیں۔ کمیٹی چیئرمین سید امین الحق نے مقامی موبائل فون سازی میں اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں تیار ہونے والے فونز سستے، معیاری اور جدید ٹیکنالوجی کے حامل ہونے چاہیں، جبکہ 4G اور 5G ڈیوائسز کی تیاری پر زیادہ توجہ دی جانی چاہیے۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا ہے کہ ملک کا وژن ’اسمارٹ فون فار آل‘ ہونا چاہیے اور مقامی پیداوار میں مزید اضافہ ضروری ہے۔ اجلاس میں موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کے ناقص معیار پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، جبکہ کمیٹی نے ٹیلی کام کمپنیوں کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا؛ قومی اسمبلی کے مطابق پی ٹی اے سروس کے معیار کی نگرانی اور خامیوں پر متعلقہ آپریٹرز کو اصلاحی ہدایات اور جرمانے جاری کرتا ہے۔