جرمنی میں دنیا کی سب سے بڑی آٹو نمائش

image


فرینکفرٹ: (بزنس ڈیسک) جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں دنیا کی سب سے بڑی آٹو موبلز اور گاڑیوں کے پرزوں کی نمائش "آٹو مکینکا فرینکفرٹ 2026ء" جاری ہے۔ اس نمائش کا آغاز 8 ستمبر کو ہوا جو 12 ستمبر تک جاری رہے گی۔ اس نمائش میں دنیا بھر کی بڑی گاڑی کمپنیاں اپنی جدید ٹیکنالوجی، نئی ایجادات اور مستقبل کی گاڑیوں کو دکھا رہی ہیں۔

اس سال نمائش کا فوکس "ہائی ٹیک موبلٹی" پر ہے۔ یعنی ایسی گاڑیاں جو سافٹ ویئر سے چلتی ہیں، الیکٹرک ہیں، خودکار ڈرائیونگ کرتی ہیں اور ماحول دوست ہیں۔ نمائش میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن اور پائیدار ٹرانسپورٹ جیسے موضوعات پر بات ہو رہی ہے۔ ساتھ ہی حادثے کے بعد گاڑی کی مرمت کیلئے 13 تربیتی سیشن بھی ہوں گے جن میں شرکا کو سرٹیفیکیٹ دیئے جائیں گے۔

اس ایونٹ میں 80 سے زیادہ ممالک کی 4400 سے زائد کمپنیوں نے حصہ لیا۔ یہ نمائش صرف ڈسپلے نہیں بلکہ کاروباری لوگوں کیلئے ایک بڑا نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم بھی ہے جہاں کمپنیاں ایک دوسرے سے معاہدے اور تعاون کر سکتی ہیں۔ پاکستان کیلئے بھی یہ اچھی خبر ہے کہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے "پاکستان پویلین" میں ملک کی 11 آٹو پارٹس کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔ پاکستانی کمپنیاں عالمی خریداروں سے مل کر نئے کاروبار کے مواقع تلاش کر رہی ہیں اور دنیا کو پاکستان کی بڑھتی ہوئی آٹو انڈسٹری کے بارے میں بتا رہی ہیں۔