ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کیلئے نئی سروس متعارف کرا دی
اسلام آباد: (بزنس ڈیسک) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کیلئے نئی سروس شروع کر دی ہے۔ ٹیکس دہندگان اب مخصوص ٹیکنیکل سپورٹ سروس کے ذریعے سال 2026ء کیلئے انکم ٹیکس گوشوارے آن لائن جمع کرا سکیں گے۔ یہ اقدام ان صارفین کیلئے اٹھایا گیا ہے جنہیں فائلنگ کے عمل کے دوران کسی بھی قسم کے سسٹم یا تکنیکی مسائل کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
نئی سروس کی بدولت صارفین اب بغیر کسی رکاوٹ اور پریشانی کے اپنے سالانہ گوشوارے باآسانی جمع کرا سکیں گے۔ ٹیکس اتھارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری پیغام میں بتایا کہ ریٹرن فائلنگ کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے اور ٹیکس دہندگان کی رہنمائی کیلئے ایک خصوصی تکنیکی ٹیم تعینات کر دی گئی ہے۔ اگر کسی ٹیکس دہندہ کو فائلنگ کے عمل میں کوئی تکنیکی دشواری پیش آتی ہے، تو وہ اپنی شکایت مخصوص ای میل پر بھیج سکتا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق یہ مخصوص سپورٹ ٹیم موصول ہونے والی تمام شکایات کا 24 گھنٹوں کے اندر جواب دے کر مسئلہ حل کرنے کی پابند ہو گی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس سروس کا مقصد آن لائن فائلنگ کے عمل کو آسان، تیز اور بلا تعطل بنانا ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی سسٹم کی خرابی کی صورت میں صرف آفیشل ای میل چینل کے ذریعے ہی رابطہ کریں۔