پرائیویٹ حج بکنگ کا نظام تبدیل

image


اسلام آباد: (نیوز ڈیسک) حکومتِ پاکستان نے پرائیویٹ حج کے انتظامی نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ آئندہ پرائیویٹ حج اسکیم کا پورا نظام وزارتِ مذہبی امور کی سرکاری پاک حج ایپ کے ذریعے چلایا جائے گا۔ اس اقدام کے بعد تاریخ میں پہلی مرتبہ پرائیویٹ حج آپریشن براہِ راست وزارتِ مذہبی امور کی نگرانی میں ہو گا۔

نئے ضابطہ کار کے مطابق پرائیویٹ حج کی بکنگ، معاہدوں کی تکمیل اور تمام مالی لین دین اب نجی آپریٹرز کے بجائے سرکاری پاک حج ایپ کے ذریعے انجام پائے گا۔ وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق یہ ڈیجیٹل نظام سعودی عرب کے نسک مسار پلیٹ فارم کی ہدایات سے ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے۔ اسی مقصد کے تحت عازمین اور آپریٹرز کیلئے ون ونڈو نظام متعارف کرانے کی تیاری بھی مکمل کر لی گئی ہے۔

سرکاری حج اسکیم کے ساتھ اب پرائیویٹ حج کے تمام پیکجز بھی پاک حج ایپ پر دستیاب ہوں گے، جہاں عازمین مختلف کمپنیوں کی سہولیات کا جائزہ لے کر اپنی پسند کا انتخاب کر سکیں گے۔ وزارتِ مذہبی امور کی نگرانی میں کام کرنے والی 25 مجاز پرائیویٹ حج کمپنیاں اس نئے نظام کے تحت خدمات فراہم کریں گی، جبکہ اب تک ایک لاکھ پانچ ہزار سے زائد پرائیویٹ عازمین اپنی رجسٹریشن مکمل کرا چکے ہیں۔ حکومت نے 2027ء سے 2030ء تک پرائیویٹ حج آپریشن اسی نئے ریگولیٹری فریم ورک کے تحت چلانے کیلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔