خیبرپختونخوا کی سرکاری عمارتوں میں بارش کا پانی محفوظ کرنے کا فیصلہ
پشاور: (نیوز ڈیسک) خیبر پختونخوا حکومت نے بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے سرکاری عمارتوں میں رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ منصوبے کے تحت صوبے بھر کی تمام سرکاری عمارتوں میں بارش کا پانی جمع کرنے اور اسے قابلِ استعمال بنانے کیلئے خصوصی نظام قائم کیا جائے گا۔ حکومتی اقدام کا مقصد پانی کے ضیاع کو کم کرنا اور دستیاب آبی وسائل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہے۔
دستاویز کے مطابق سرکاری محکموں کو رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کے ڈیزائن اور اس کی تکنیکی تفصیلات فراہم کر دی گئی ہیں۔ اس نظام کی تنصیب کیلئے متوقع اخراجات کا تخمینہ بھی متعلقہ محکموں کو ارسال کیا جا چکا ہے۔ چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا نے تمام حکومتی اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سرکاری عمارتوں میں اس نظام کی تنصیب کو یقینی بنائیں۔
چیف سیکریٹری نے تمام محکموں سے رین واٹر ہارویسٹنگ سسٹم کی تنصیب سے متعلق پیش رفت کی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر عملدرآمد رپورٹ چیف سیکریٹری آفس کو بھجوائیں۔ موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر منصوبے پر مزید پیش رفت اور عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔