ڈونلڈ ٹرمپ کی کینیڈا پر تنقید
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ریاست بنے بغیر ریاست جیسے فوائد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ ٹرمپ نے یہ بیان دونوں ممالک کے درمیان تجارتی مذاکرات ناکام ہونے کے بعد دیا ہے۔ انہوں نے کینیڈا پر امریکی کسانوں کی مصنوعات پر بھاری محصولات عائد کرنے کا الزام بھی لگایا ہے۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں کہا کہ کینیڈا طویل عرصے سے امریکی کسانوں پر بھاری ٹیرف عائد کرتا آیا ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کینیڈا کی تجارتی پالیسیوں کا جواب دے رہا ہے۔ اس بیان سے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے جاری تجارتی تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔
تجارتی مذاکرات کے خاتمے کے بعد امریکا نے کینیڈا کی تقریباً 20 ارب ڈالر مالیت کی درآمدی اشیا پر 50 فیصد نئے ٹیرف نافذ کیے ہیں۔ جواب میں کینیڈا نے 8 ستمبر سے امریکی مصنوعات پر ڈالر کے بدلے ڈالر کے حساب سے جوابی محصولات عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹرمپ اس سے قبل کینیڈا کو امریکا کی ممکنہ ’51ویں ریاست‘ قرار دیتے رہے ہیں، جسے کینیڈین قیادت مسترد کرتی آئی ہے۔