چین کا ایران کے حق میں مؤقف، امریکی پابندیوں پر تشویش
بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین نے ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کی دھمکی پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ دباؤ اور پابندیوں کی پالیسی مسائل کا مؤثر حل نہیں ہے۔ بیجنگ میں وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تمام فریقوں پر زور دیا کہ وہ سمجھ داری اور تحمل کا مظاہرہ کریں۔ چینی حکام کے مطابق بیجنگ خطے کی صورتِ حال کو قریب سے دیکھ رہا ہے اور اپنے مفادات کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات بھی کرے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کی مدد کرنے والے ممالک کے خلاف سخت ترین معاشی اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ ایران کے ساتھ تیل، مالی لین دین یا دیگر معاشی روابط رکھنے والے ممالک کو سنگین اقتصادی نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے اتحادی ممالک سے مطالبہ کیا کہ ایران کو عالمی سطح پر تنہا کرنے کیلئے امریکا کا ساتھ دیا جائے۔
ایران نے امریکی مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے ان اقدامات کو ’’معاشی دہشت گردی‘‘ قرار دیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایسی پالیسیاں عالمی معیشت اور ممالک کی خودمختاری کیلئے خطرہ بن سکتی ہیں۔ تجزیہ کاروں کے مطابق امریکا، ایران اور چین کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی خطے اور عالمی معیشت پر گہرے اثرات مرتب کر سکتی ہے۔