مغربی کنارے میں 1200 گھر بنانے کا منصوبہ، یورپی یونین کا اس رائیل کو سخت پیغام
بیلجیم: (ویب ڈیسک) یورپی یونین کی خارجہ پالیسی سربراہ کاجا کالس نے اس رائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں E1 آبادکاری منصوبے کو فوری طور پر روکا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ E1 علاقے میں نئی یہودی بستیوں کی تعمیر دو ریاستی حل کے امکانات کو شدید نقصان پہنچا سکتی ہے اور فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ مزید مشکل بنا سکتی ہے۔
گزشتہ ہفتے اس رائیلی حکومت نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 1,200 سے زائد رہائشی یونٹس کی تعمیر کے لیے ٹینڈر جاری کیا تھا۔ یورپی یونین کے مطابق E1 میں تعمیرات سے مغربی کنارے کا شمالی حصہ جنوبی حصے سے جغرافیائی طور پر کٹ سکتا ہے، جس سے فلسطینی علاقوں کا باہمی رابطہ اور مستقبل کی ممکنہ فلسطینی ریاست کا تسلسل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ E1 مشرقی یروشلم اور مغربی کنارے کے درمیان واقع ایک انتہائی اہم اور حساس علاقہ ہے۔
کاجا کالس نے اس رائیلی حکومت پر زور دیا کہ وہ ٹینڈر واپس لینے کے ساتھ ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی توسیع کے دیگر منصوبے بھی ختم کرے۔ یورپی یونین کا مؤقف ہے کہ آبادکاری میں مسلسل توسیع بین الاقوامی قوانین اور دو ریاستی حل کے امکانات کے لیے سنگین چیلنج ہے۔ ماہرین کے مطابق E1 میں بڑے پیمانے پر تعمیرات فلسطینی علاقوں کو مزید ٹکڑوں میں تقسیم کر سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں ایک قابلِ عمل اور جغرافیائی طور پر متصل فلسطینی ریاست کا قیام مزید مشکل ہو جائے گا۔