ٹورنٹو میں طوفانی بارش سے تباہی
ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش سے چند گھنٹوں میں شہر کے مختلف علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ بعض علاقوں میں 150 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے باعث سڑکوں اور رہائشی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا ہے۔ ٹورنٹو کے سٹی مینیجر پال جانسن نے بارش کی شدت کو ’’100 سالہ طوفان‘‘ قرار دیا ہے۔
طوفان کے دوران تیز ہواؤں، شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث درخت اور بجلی کی تاریں گر گئیں جبکہ متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ کئی گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں اور مختلف سڑکیں آمدورفت کیلئے بند کرنا پڑیں۔ خراب موسم کے باعث بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی اور ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔
طوفانی بارش اور ہواؤں سے روجرز اسٹیڈیم کو بھی نمایاں نقصان پہنچا ہے۔ جہاں اسٹینڈز کے متعدد حصے متاثر ہوئے اور نشستیں و دیگر ڈھانچے بکھر گئے۔ طوفان کے باعث ٹرانسپورٹ سروسز بھی متاثر ہوئیں جبکہ شہر میں صفائی اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق صورتحال معمول پر لانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔