پناہ کا الٹرا پروسیسڈ مصنوعات پر فرنٹ آف پیک وارننگ لیبل فوری نافذ کرنے کا مطالبہ
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے تھنک ٹینک نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ الٹرا پروسیسڈ مصنوعات (جن میں چینی، سوڈیم اور غیر صحت بخش چکنائی کی مقدار زیادہ ہو) پر لازمی فرنٹ آف پیک وارننگ لیبل کے نفاذ کا عمل تیز کیا جائے اس اقدام سے صارفین کو ایسی مصنوعات کی فوری شناخت کرنے میں مدد ملے گی جو صحت کے لیے خطرات کا باعث بن سکتی ہیں۔ پناہ کے مطابق غیر صحت بخش غذاؤں کے بڑھتے استعمال سے مختلف غیر متعدی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ ہو رہا ہے، جس کے باعث صارفین کو غذائی مصنوعات کے مضر اجزا سے متعلق واضح معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔
ماہرین نے بھی عوامی صحت کے تحفظ کے لیے الٹرا پروسیسڈ مصنوعات پر واضح فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ غیر صحت بخش غذاؤں کے استعمال سے پیدا ہونے والے خطرات کو کم کرنے کے لیے صارفین کو مصنوعات کے بارے میں آسان اور واضح معلومات فراہم کرنا ضروری ہے۔
پناہ نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ فرنٹ آف پیک وارننگ لیبلز کے نفاذ میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور الٹرا پروسیسڈ مصنوعات پر واضح وارننگز لازمی قرار دی جائیں۔ تنظیم کے مطابق عوامی صحت کے تحفظ اور غیر متعدی بیماریوں کے بڑھتے خطرات کو کم کرنے کے لیے اس اقدام پر فوری عملدرآمد ضروری ہے۔