مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں قالینوں کی صفائی اور دیکھ بھال کا جدید نظام

image

مدینہ منورہ: (ویب ڈیسک) مدینہ منورہ میں مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم کے قالینوں کی صفائی اور دیکھ بھال کیلئے سعودی جنرل اتھارٹی نے جدید اور مؤثر انتظامات کیے ہیں، جن کے تحت روزانہ تقریباً 25 ہزار قالین نماز کی جگہوں پر بچھائے جاتے ہیں۔ قالینوں کی صفائی دن میں چار مرتبہ 430 جدید مشینوں کے ذریعے کی جاتی ہے، جبکہ روزانہ 400 سے زائد قالین دھوئے جاتے ہیں۔ ضرورت کے مطابق قالینوں کا معائنہ اور مرمت بھی تقریباً 70 مرتبہ تک کی جاتی ہے تاکہ نمازیوں اور زائرین کو صاف ستھرا ماحول میسر رہے۔

مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ والہ وسلم میں سینیٹائزنگ اور قالینوں کو معطر رکھنے کیلئے روزانہ 450 لیٹر سے زائد سینیٹائزر اور 250 لیٹر سے زیادہ خوشبوؤں کا استعمال کیا جاتا ہے۔ اتھارٹی کی جانب سے دن بھر میں 153 مصلے بھی تیار کیے جاتے ہیں تاکہ عبادت کیلئے آنے والے افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ روزانہ بچھائے جانے والے قالینوں میں 14 ہزار سے زائد صحنوں، 6 ہزار 150 راہداریوں اور 5 ہزار 500 قالین مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ والہ واصحابہ وسلم کی چھت پر استعمال ہوتے ہیں۔

مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ والہ واصحابہ وسلم میں استعمال ہونے والے خصوصی قالین 16 ملی میٹر موٹے ہیں اور اعلیٰ معیار کی تیاری کے ساتھ رنگ کی پائیداری کے حوالے سے بھی نمایاں خصوصیات رکھتے ہیں۔ قالینوں کی مسلسل صفائی، دھلائی، سینیٹائزنگ، خوشبو اور باقاعدہ معائنے کا یہ وسیع نظام مقدس مسجد میں صفائی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کیلئے قائم کیا گیا ہے۔ یہ انتظامات مسجدِ نبوی صلی اللہ علیہ والہ واصحابہ وسلم آنے والے لاکھوں نمازیوں اور زائرین کو پاکیزہ، محفوظ اور روحانی ماحول فراہم کرنے کیلئے سعودی حکام کی جانب سے کی جانے والی مسلسل کوششوں کی عکاسی کرتے ہیں۔