خالد مقبول صدیقی کا آرٹیکل 140-A پر اہم بیان

image

کراچی: (نیوز ڈیسک) کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ 18ویں ترمیم کے آرٹیکل 140-A پر مسلم لیگ ن سمیت سب متفق ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے بغیر بھی اس آئینی شق کو اکثریت سے منظور کرایا جا سکتا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے ملک میں مزید انتظامی یونٹس قائم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں خاندانی حکومتوں اور موروثی سیاست کے خاتمے کا وقت آ گیا ہے۔ ان کے مطابق ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ انتظامی یونٹس قائم کیے جانے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو موجودہ طرز پر مزید نہیں چلایا جا سکتا اور جاگیردارانہ جمہوریت ملک کا مستقبل نہیں ہو سکتی۔

ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کراچی کے عوام نے گزشتہ روز سڑکوں پر نکل کر اپنا فیصلہ ریکارڈ کرا دیا ہے۔ انہوں نے سندھ میں مصنوعی اکثریت کے ذریعے حکومت قائم رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کراچی کی آبادی کے اعداد و شمار پر بھی سوال اٹھایا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ گزشتہ روز کی ریلی نے کئی منصوبوں کو ناکام بنا دیا اور ان کے بقول اب شہر میں مصنوعی قیادت کی گنجائش نہیں رہی ہے۔