بلوچستان کے تعاون سے جناح پیپلز ٹرین کی کوچز 4 ماہ میں تیار
کوئٹہ: (نیوز ڈیسک) کیرج فیکٹری میں تیار ہونے والی جناح پیپلز ٹرین کو روانہ کردیا گیا، جہاں محنت کشوں نے اپنی تیار کردہ ٹرین کو خوشی اور فخر کے ساتھ الوداع کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ٹرین کی بحالی میں تعاون پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے اشتراک سے عوامی فلاح کے منصوبوں کو عملی شکل دی جارہی ہے۔
جناح پیپلز ٹرین کے روٹ پر سریاب، کچلاک، شیخ ماندا، بلیلی، جی او آر ہالٹ اور کوئٹہ سمیت مختلف اسٹیشنز پر سہولیات کی بہتری اور اپ گریڈیشن کا کام بھی کیا گیا ہے۔ ٹرین سروس سے طلبہ، خواتین، بچوں، مزدوروں اور عام شہریوں کو سستی، محفوظ اور بہتر سفری سہولت میسر آنے کی توقع ہے، جبکہ اس اقدام سے بلوچستان کو ریلوے نیٹ ورک سے مزید مضبوطی سے جوڑنے میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی وزیر ریلوے کے مطابق پاکستان ریلوے کسی ایک صوبے کا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا ادارہ ہے اور صوبوں کے تعاون سے عوامی خدمت اور قومی رابطے کا دائرہ مزید وسیع کیا جارہا ہے۔ کیرج فیکٹری سے جناح پیپلز ٹرین کی روانگی کے موقع پر محنت کشوں کے چہروں پر اپنی محنت کی کامیابی کی خوشی نمایاں رہی۔