پاکستان کی ٹیکنالوجی برآمدات میں 20 سے 22 فیصد اضافہ، شزہ فاطمہ

image


اسلام آباد: (بزنس ڈیسک) وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیک صنعت میں امریکا بڑا شراکت دار ہے اور تقریباً 50 فیصد مصنوعات امریکی مارکیٹ کو برآمد کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور برآمدات کے شعبے میں ملک نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ایپل اور گوگل پاکستان آ رہے ہیں، جبکہ ڈیجیٹل شعبے کا کوئی منصوبہ تنہا کامیاب نہیں ہوسکتا اور شراکت داری کے ذریعے ہی کامیابی ممکن ہے۔ ان کے مطابق سائبر سکیورٹی اور بلاک چین سمیت جدید ٹیکنالوجیز میں بھی شراکت داری کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

وزیر مملکت برائے آئی ٹی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایسے وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے جس سے نئی قیادت تیار ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور دفاعی قیادت ٹیکنالوجی کے شعبے میں مواقع سے فائدہ اٹھانے کو یقینی بنا رہی ہے، جبکہ منصوبوں کو جدت اور سرمایہ کاری سے منسلک کرکے نئی نسل کے لیے ترقی کے مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔